Kashmiri Badam Kamyab Magar Sehat Bakhsh Mewa

Kashmiri Badam Kamyab Magar Sehat Bakhsh Mewa

کشمیری بادام کمیاب مگر صحت بخش میوہ

کہتے ہیں کہ Hazelnuts یعنی بندق یا کشمیری بادام کا درخت فرانس کے مقامی باشندوں نے دریافت کیا۔اول اول اس کا نام Filbert تھا۔یہ نام انگریزوں نے تبدیل کیا۔یہ درخت 80 برس کی طبعی عمر پاتا ہے۔20 سے 40 فٹ بلندئی قامت کا یہ پیڑ اب سے کئی برس پہلے ترکی میں پروان چڑھا اور آج ترکی دنیا کی 75 فیصد پیداوار مہیا کرکے اولین پیداواری سلطنت بن چکا ہے۔
یورپی ملکوں میں زمانہ قدیم سے اس کا درخت شادمانی کی علامت تصور کیا جاتا تھا۔وہ اس کے درخت کی لکڑی سے شادی بیاہ کی تقریبات کے لئے فرنیچر بنایا کرتے تھے۔ان کا عقیدہ تھا کہ خوشحالی اور محبت کے جذبوں کو پروان چڑھانے کے لئے اسی خوش بخت پھل کے درخت کو کام میں لانا چاہئے چنانچہ وہ ہر شادی کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے بندق یا کشمیری بادام کے درخت کی لکڑی سے آرائش مکمل کیا کرتے تھے۔
یہ اخروٹ کے خاندان کا گری دار میوہ ہے۔
یونان میں کشمیری بادام کے اس درخت کی چھال سے مختلف ادویات تیار کی جاتی تھیں۔کھانسی،نزلہ،بخار اور بینائی کے مسائل سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے اسے استعمال کرتے تھے۔علاوہ ازیں وہ بے اولاد جوڑوں کے علاج معالجے میں اس پھل کی گری استعمال کرتے تھے۔

طبی خواص

بادام کے ساتھ ساتھ بندق کشمیری بادام میں بھی وٹامن E بکثرت پایا جاتا ہے۔

اس میں مونو ان سیچوریٹڈ فیٹ جسم میں تحلیل ہو کر کولیسٹرول کی سطح کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے۔یہ اچھی چکنائی ہے جو قطعی مضر صحت نہیں۔اس میں پروٹین کی مقدار 15-20 فیصد اور 10 فیصد پانی موجود ہے۔
وٹامن B1 (تھیامین) B2 (ریبوفلیون) B3 (نیاسین) B5 (پینٹوتھینک ایسڈ) B6 اور B9 فولک ایسڈ پر مشتمل یہ گری دار میوہ دنیا کے کچھ خطوں میں جڑی بوٹی کہلاتا ہے۔
نام کچھ بھی ہو اگر غذائی خاصیت ہمارے لئے مفید ہے تو استعمال میں تاخیر نہیں کرنی چاہئے۔
وٹامن B1 پانی میں حل ہونے والا وٹامن ہے۔یہ جگر میں جمع نہیں ہوتا اس کی کمی سے Beri Beri جیسی بیماری ہو جاتی ہے۔جس میں مریض کمزوری اور نقاہت کی بنا پر نا تو کھڑا ہو سکتا ہے اور نہ ہی چل پھر سکتا ہے۔
وٹامن B2 (ریبوفلیون) انرجی میٹابولزم کے عمل کو کنٹرول کرتا ہے۔اس وٹامن کی کمی سے بچوں کی جسمانی و دماغی نشوونما ٹھہر جاتی ہے اور بالغ افراد کی زبان پر چھالے،پھٹے ہوئے ہونٹ اور جلد پر لکیروں کا اُبھر آنا اسی بات کی علامت ہے۔مجموعی طور پر تمام B وٹامنز ہزارہا بیماریوں کے خلاف مزاحمت کرکے ہمیں صحت مند زندگی عطا کرتے ہیں۔